ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو: شدید بارشوں سے عمارت منہدم، 17 افراد ملبے تلے دبے، 3 کی موت

بنگلورو: شدید بارشوں سے عمارت منہدم، 17 افراد ملبے تلے دبے، 3 کی موت

Wed, 23 Oct 2024 10:39:07  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو، 23/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی )کرناٹک میں مسلسل بارشوں نے شدید تباہی مچا دی ہے۔ بنگلورو کے ہینور کے قریب بابوسبپالیہ میں ایک زیر تعمیر عمارت بارش کی وجہ سے منہدم ہو گئی۔ حادثے کے وقت تقریباً 24 مزدور عمارت کے اندر کام کر رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور تین زخمی مزدوروں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ ملبے سے تین مزدوروں کی لاشیں بھی برآمد کی گئی ہیں، جبکہ ابھی بھی 17 سے زائد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ اور این ڈی آر ایف کی ٹیم نے جے سی بی کی مدد سے بڑے پیمانے پر راحت کا کام شروع کر دیا ہے اور ملبہ کو ہٹایا جا رہا ہے۔ ملبہ کے نیچے سے کچھ آوازیں آرہی ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اندر پھنسے ہوئے لوگ زندہ ہیں۔ حالانکہ یہ کہنا مشکل ہے کہ سبھی زندہ ہیں یا پھر کچھ کی موت ہو چکی ہے۔ راحت رسانی کے کام میں تیزی لانے کے لئے انتظامیہ نے مقامی لوگوں سے مدد لے کر کام شروع کر دیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ منگل کی دوپہر پیش آیا۔

اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے پولیس و انتظامیہ کے افسران سے فون پر بات کی، اور حالات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں دونوں لیڈران نے راحت کے کام میں تیزی لانے کا حکم دیا۔ زخمیوں کو اسپتال بھیج کر بہتر علاج کرانے کی بھی تاکید کی گئی۔ ڈی سی پی دیوراج نے ان انھیں بتایا کہ اب بھی ملبہ میں تقریباً 17 لوگوں کے پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے۔

واضح ہو کہ ملک کی الگ الگ ریاستوں میں موسم میں اچانک سے تبدیلی آ گئی ہے۔ کرناٹک میں گزشتہ ایک ہفتہ سے لگاتار بارش ہو رہی ہے۔ اس کے سبب زندگی تھم سی گئی ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے ہی یہ دردناک حادثہ پیش آیا۔


Share: